Posts Tagged ‘Burger’
بر گر کھانے کا صحیح طریقہ
Posted December 16, 2018
on:شہر کے کسی نامی گرامی مشہور ریسٹورنٹ میں جائیں
ادھر ادھر لوگوں پر نہائت نخوت سے ایسی نظر ڈالیں جیسے وہ سب لوگ کوئی معنی نہ رکھتے ہوں بس آپ ہی آپ ہوں۔
ویٹر کو ایک انگلی کے اشارے سے بلائیں ۔ مینو کارڈ مانگیں ۔ویٹر کو دیکھیں کارڈ کو دیکھیں اور پھر بے نیازی سے اس کو بولیں کہ زنگر برگر پیش کرے۔ وہ جب برگر لائے تو کبھی اس کو کبھی برگر کو کبھی خود کو دیکھیں اور مسکرائیں ۔ ویٹر کو پھر بلائیں ۔اس کو بولیں چھری کانٹا لا کر دے۔ وہ حیرت سے آپ کو دیکھے تو ذرا کڑک دار لہجہ میں بولیں جاو چھری کانٹا لاو وہ حیرت میں ڈوبا کہیں سے ڈھونڈھ کر آپ کو لا دے گا۔
اب کام شروع۔
کوٹ ہے تو اتار کر کرسی کی پشت پر ڈال دیں آستین چڑھالیں۔
اب ویٹر کو پھر بلا یں ۔اور پوچھیں کہ باتھ کہاں دھونے ہیں ۔اس کے پیچھے جائیں اور برا سا منہ بنا کر ادھر ادھر دیکھیں ۔صابن نظر نہ آئے تو پھر ویٹر کی خبر لیں کہ نہ سالڈ اور نہ ہی لیکویڈ
کوئی بھی صابن کیوں نہیں ہے ۔ اپ ہاتھ کیسے دھوئیں ۔پانی سے ہاتھ دھو کر جھا ڑ تے ہوئے اپنی کر سی تک جائیں جن لوگوں پر پانی کی چھینٹیں پڑی ہیں ان کو مسکرا کر دیکھیں ۔
اس کے بعد ٹشو پیپر سے ہاتھ رگڑ رگڑ کر پونچھیں اور ٹشو کا چورا زمین پر جھاڑ دیں ۔ آخر آپ آزاد وطن کے آزاد شہری ہیں کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ پھر چھری الٹے ہاتھ اور کانٹا سیدھے ہاتھ میں پکڑیں ۔آپ تو ویسے بھی بے انتہا کاہل ہیں اس لئے الٹے ہاتھ سے بر گر تو کٹنے سے رہا۔ بہتر ہے دونوں چیزیں میز پر رکھ دیں ۔اب اوپر کا بن الگ رکھ لیں پلیٹ میں ۔پھر سلاد کا پتہ بالکل دور رکھ دیں کیونکہ اس میں جراثیم ہو سکتے ہیں ۔پنیر کا پیلا چوکور ٹکڑا بن پہ رکھ دیں ۔ کسی کی پرواہ نہ کریں کہ کون دیکھ رہا ہے۔ اب باری ہے زنگر کے گوشت کی معلومات حاصل کر نے کی ۔ویٹر آخر آپ سے ذلت کر وانے کے لئے ہی تو پیدا ہوا تھا۔ اس سے پوچھیں کہ کس جانور کا گوشت ہے۔آسان زبان میں پوچھیں کہ ہلال جانور کا ہے ۔ حرام جانور کا یا مردار جانور کا ۔جھٹکے کا یا زبیحہ گوشت ہے اور کس ملک سے آیا تھا ۔اور کتنے برس پرانا ہے۔ اس کو دیں کہ وہ بھی سونگھ لے ۔وہ دل میں آپ کی نسلوں کو گالی دے گا مگر مسکرا کر کہے گا بہترین گوشت ہے ۔آپ یقین کر لیں ۔۔۔۔۔۔۔خیر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب ایک ٹکڑا بن کا اور ایک ٹکڑا زنگر کا نوالہ بنا کر منہ میں رکھیں اور کھا لیں ۔ آپ کوئی جانور تو ہیں نہیں کہ بڑا سا منہ کھول کر اپنا حلق اور ٹیٹوا دکھا کر بر گر کھائیں ۔ کچھ دیر بعد جب حلق میں اٹکنے لگے تو ایک دفعہ پھر ویٹر کو زحمت دیں ۔اس سے پوچھیں کہ چائے ہے۔ وہ منع کرے گا ۔آپ پھر پوچھیں کہ کافی ہے ۔وہ انکار کرے گا۔تو آپ کو جتنی طرح کی چائے کے نام یاد ہیں پوچھیں مثلا ادرک کی چائے۔چائنا گراس چائے ۔دار چینی کی چائے۔ پودینہ کی چائے ۔لہسن پیاز والی چائے۔ کالی چائے ۔دودھ پتی چائے۔ وہ اتنی دفعہ ہی گردن ہلا ئے گا انکار میں کہ ہو سکتا ہے اس گردن کی ہڈی کی چٹخنے کی آواز آئے پھر اس کو آپ کہنا کہ اچھا وہ جائے اور پیپسی لا کر دئے۔
وہ اپنی مادری زبان میں غلیظ ترین گالی منہ ہی منہ میں دے گا ۔اور اپنی زندگی پر لعنت بھیجتا ہوا جائے گا اور پیپسی لا کر دے گا تو آپ کو یاد آئے گا کہ آپ تو زیابطیس کے مریض ہیں ۔بس پھر پیپسی واپس کر دینا ۔اپنا کوٹ پہننا اور بل دینا ۔ کیپ دی چینج کے لیے ہمیشہ جیب میں کچھ سکے رکھا کریں وہ میز پر زور سے رکھنا تا کہ سب دیکھ لیں کہ آپ نے ٹپ دی ہے ۔پھر ادائے بے نیازی سے باہر چلے جانا ۔آفس جانا اگر ٹائم ہو ورنہ بیوی کی صلواتوں سے فیضیاب ہو نے کے لیے گھر کی راہ لینا ۔